سرسی5/فروری (ایس او نیوز)مہاتما گاندھی اورجنگ آزادی کے خلاف کینرا ایم پی اننت کمار ہیگڈے نے جو ہتک آمیز بیان دیا تھااس کی مذمت کرتے ہوئے ضلع شمالی کینرا کانگریس یونٹ کی طرف سے سرسی پوسٹ آفس سرکل کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے پہلے بیڈّی بیل میں واقع گاندھی جی کے مجسمے کو پھولوں کی مالا پہنائی اور اس کے بعد اننت کمار ہیگڈے کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت اننت کمار کے خلاف سخت کارروائی کرے اور ان کی پارلیمانی رکنیت کو باطل قرار دیا جائے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے کانگریس ضلع صدر بھیمنّا نائک نے کہا کہ یہ پتہ چل نہیں رہا ہے کہ اننت کمار کا دماغی توازن درست ہے یا نہیں ہے۔اس لئے ان کی پارلیمانی رکنیت ختم کردی جانی چاہیے۔مجاہدین آزادی کی ہتک ہم کسی حالت میں برداشت نہیں کریں گے۔عوام کو چاہیے کہ اننت کمار جیسے لوگوں کو سبق سکھائیں۔ اس موقع پر سرسی تحصیلدار کو ایم پی کے خلاف میمورنڈم بھی پیش کیا گیا۔
دیشپانڈے نے کی مذمت: سابق ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے نے بھی اننت کمار ہیگڈے کے ہتک آمیز بیان کی کڑی مذمت کی۔ انہوں نے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دارانہ مقام پر رہنے والے شخص کو مجاہدین آزادی کوڈھونگی، جد وجہد کو ایک ناٹک اور انگریزوں سے ملی بھگت کے ساتھ لڑی گئی جنگ، اور اس طرح کے بیانات دئے جانے پر میں اس کی کڑی مذمت کرتا ہوں۔خواہ مخواہ کے متنازع بیانات دے کراننت کمار خود اپنے ووٹروں اور ضلع شمالی کینرا کے عوام کی تضحیک کررہے ہیں۔
جوئیڈا میں احتجاج: جوئیڈا بلاک کانگریس کے صدر سدانند دبگار کی قیادت میں کانگریس کی طرف سے اننت کمار ہیگڈے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اور مطالبہ کیا کہ اننت کمار کو پارلیمانی رکنیت سے برخاست کیا جائے۔جب دنیا بھرمیں گاندھی جی کی ستیہ گرہ کو سراہا جارہا ہے، تب ہمارے اپنے ملک کے ایک رکن پارلیمان کی طرف سے بابائے قوم کی ہتک کرنا قابل مذمت بات ہے۔ یہ پورے ملک کی تضحیک کرنے کے برابر ہے۔ایسے رکن پارلیمان کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہونے چاہئیں۔
ہلیال میں بھی احتجاج ہوگا: ہلیال میں ایم ایل سی گھوٹنیکر نے کہا کہ اننت کمار ہیگڈے کے بیان کے پیچھے خود بی جے پی کا ہاتھ ہے۔اگر اننت کمار کے خلاف بی جے پی کارروائی نہیں کرتی ہے تو پھر ہلیال میں بطور احتجاج بند منایا جائے گا۔ایس ایل گھوٹنیکر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم شخصیات اورتاریخ کے متعلق بار بار اسی طرح کے بیانات دے کر رکن پارلیمان اپنے آپ کو غیر معلنہ دیش بھکت قرار دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ اے پی ایم سی صدر شرینواس گھوٹنیکر نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اننت کمار کے دماغ میں دو گاندھی جی گھسے ہوئے ہوں۔ اسی لئے انہوں نے اس طرح کابیان دیا ہے۔ہلیال یووا کانگریس صدر روی تورنگٹّی نے سوال کیا کہ ۶ مرتبہ رکن پارلیمان منتخب ہونے کے بعد بھی اننت کمار نے اپنے حلقے کے لئے کونسے ترقیاتی کام کیے ہیں، یہ آج تک کسی کو بھی معلوم نہیں ہوسکا۔